نئی دہلی 8 نومبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) پی ایم مودی نے ملک کوخطاب کرتے ہوئے کالا دھن پر لگام لگانے کیلئے 500اور 1000روپے کے نوٹ بندکرنے کااعلان کیاہے۔ یہ قانون آج آدھی رات سے لاگو ہو جائے گا۔پی ایم مودی نے کہاکہ جن کے پاس500اور1000روپے کے نوٹ ہیں وہ 10نومبرسے30دسمبر تک بینک اور اہم ڈاک خانوں میں جمع کراکر اس کے بدلے میں دوسری رقم لے سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ 500اور ہزار کے نوٹ کے علاوہ باقی تمام نوٹ اور سکے باقاعدہ جاری ہیں اور ان سے لین دین ہو سکتاہے۔آپ کے پاس50دنوں کا وقت ہے۔ساتھ ہی وزیر اعظم نے کہاکہ اگرکسی وجہ سے 30دسمبر تک لوگ یہ نوٹ جمع نہیں کرپائے توانہیں ایک آخری موقع بھی دیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایمانداری سے پیسے کمانے والے شہریوں کے مفادات کی پوری حفاظت کی جائے گی۔وزیراعظم نے اعلان کیاکہ9اور10نومبرکوATMکام نہیں کریں گے۔11نومبر کی رات سے 12بجے تک شہریوں کیلئے کچھ خاص اہتمام کیاگیاہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 11نومبر کی رات12بجے تک تمام سرکاری ہسپتالوں میں پرانے 500کے نوٹ ادائیگی کیلئے قبول کئے جائیں گے۔اسی طرح72گھنٹوں تک ریلوے کے ٹکٹ بکنگ کاؤنٹرز، سرکاری بسوں کے ٹکٹ بکنگ کاؤنٹراور ہوائی اڈوں پر بھی صرف ٹکٹ خریدنے کیلئے پرانے نوٹ درست ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی رقم آپ کی ہی رہے گی۔ آپ کو کوئی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
پی ایم مودی نے ملک کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے دنیا کے چمکتے ستارے کے طور پر اپنی موجودگی درج کرائی ہے۔یہ حکومت غریبوں کے لیے وقف ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں ہم وطنوں کے تعاون سے ملک ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھا ہے۔وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں ہم یہ تجربہ کر رہے ہیں کہ ملک میں بدعنوانی اور کالا دھن نامی بیماریوں نے اپنی جڑیں جما لی ہیں۔کرپشن اور کالے دھن کا جال تو توڑنے کے لئے حکومت سخت قدم اٹھا رہی ہے اور نتائج بھی دے رہے ہیں۔ آج دن میں قومی سلامتی کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہائی لیول میٹنگ ہوئی۔اجلاس میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ تینوں افواج کے سربراہ اور قومی سلامتی کے مشیر بھی شامل ہوئے تھے۔سرحد پر فائرنگ کے بڑھتے واقعات کو لے کرمیٹنگ میں بحث ہوئی۔ساتھ ہی راج ناتھ سنگھ نے بھی ایک بڑی میٹنگ کی۔میٹنگ میں بارڈر کے حالات اور بھارتی فوج کی تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا۔